حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ المنتظر العالمیہ اسلام آباد کے دوسرے سالانہ جلسے اور مرحوم علامہ قاضی سید نیاز حسین نقوی کی برسی کی مناسبت سے ایک پروقار اجتماع منعقد ہوا، جس میں قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی، ملک بھر سے تشریف لائے ہوئے علمائے کرام، خطباء، مدرسین اور جامعات کے پرنسپلز سمیت مختلف دینی و علمی شخصیات نے شرکت کی۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے مرحوم علامہ قاضی سید نیاز حسین نقوی کی علمی، دینی، ملی اور قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ مرحوم علامہ نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام، مکتبِ اہل بیتؑ، ملت اور قومی خدمت کے لیے وقف کیے رکھی اور ان کی علمی و دینی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

علمائے کرام نے مرحوم علامہ کے علمی کردار اور دینی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات ایک علمی و دینی خلا کا باعث بنی، تاہم ان کی خدمات، افکار اور علمی میراث آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
اس موقع پر مرحوم علامہ قاضی سید نیاز حسین نقوی کے لیے بلندیِ درجات اور ان کی دینی و ملی خدمات کی شرفِ قبولیت کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

واضح رہے کہ علامہ قاضی سید نیاز حسین نقوی جامعۃ المنتظر لاہور کے مہتمم اعلیٰ اور ممتاز عالمِ دین تھے، جنہوں نے اپنی زندگی تعلیمِ دین، ترویجِ معارفِ اہل بیتؑ اور ملت کی خدمت کے لیے وقف کیے رکھی۔
اجتماع کے اختتام پر مرحوم علامہ کے لیے مغفرت و بلندیِ درجات اور ان کے دینی مشن کو اخلاص کے ساتھ آگے بڑھانے کی توفیق کے لیے بارگاہِ الٰہی میں دعا کی گئی۔











آپ کا تبصرہ